نئی دہلی،13؍جولائی (آئی این ایس انڈیا )دہلی کی اروند کیجریوال حکومت کے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیوڈی )محکمہ کے دفتر پر اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی )نے چھاپہ مارا ہے۔اے سی بی نے یہ کارروائی بی آر ٹی کاریڈور توڑنے کے معاملے میں ہوئی مبینہ بدعنوانی کی بی جے پی لیڈروں کی شکایت پر کی ہے۔پیر کو ہی بی جے پی لیڈر وویک گرگ اور ممبر اسمبلی اوم پرکاش شرما نے اے سی بی میں شکایت کی تھی کہ تقریباََسوا چھ کلومیٹر طویل بی آر ٹی کاریڈور کو توڑنے میں دہلی حکومت نے تقریبا 11کروڑ روپے خرچ کئے، جبکہ اس کاریڈورمیں لگا سامان ہی اتنی قیمت کا تھا کہ حکومت کو پیسے ادا نہیں بلکہ وصول کرنے چاہیے تھے۔یہ حکومت اور ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنیوں کی ملی بھگت کی وجہ سے ہوا ہے۔دہلی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں اے سی بی نے کوئی ایف آئی آر درج کئے بغیر جلد بازی میں کارروائی کی ہے اورپی ڈبلیو ڈی دفتر سے فائلوں کو بھی ضبط کیا ہے ۔